برلن،20اگست(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے جرمنی میں آباد ترک نژاد باشندوں کے لیے اپنے متنازعہ پیغام کے ردعمل پر جرمن حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے گزشتہ روز صوبہ دینیزلی میں اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے جرمن وزیر خارجہ زیگمار گابریئل کے بارے میں کہا کہ انہیں اپنی حدود معلوم نہیں ہیں۔ جرمن وزیر خارجہ زیگمار گابریئل نے شدید الفاظ میں ترک صدر رجب طیب ایردوآن کے پیغام کی مذمت کی تھی۔ ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے جمعہ 18اگست کوجرمنی میں آباد ترک باشندوں کو کہا تھا کہ وہ چانسلر میرکل اور ان کی اتحادی جماعت کو ستمبر میں ہونے والے عام انتخابات میں ووٹ نہ دیں۔ ان کے اس بیان پر برلن کی طرف سے شدید ردعمل سامنے آیا تھا۔